​جمالِ روحانی کا بیوٹی پارلر

تو یہ بات کہہ رہا ہوں کہ زندگی کو ضائع مت کرو۔ دیکھ لو! آج ہی واقعہ سن لیا آپ نے، مدرسہ کے انجینئر کا کہ اچانک ایکسیڈنٹ ہوا موٹر سائیکل سے اور انہوں نے حفاظتی ٹوپی بھی نہیں پہنی تھی مگر خیر وقت آچکا تھا۔ جب وقت آتا ہے تو ایک سیکنڈ آگے پیچھے نہیں ہوتا۔
{لَا یَسْتَاخِرُوْنَ سَاعَۃً وَّلَا یَسْتَقْدِمُوْنَ}
اللہ سبحانہ وتعالیٰ فرماتے ہیں کہ جو وقت مقرر ہے اس میں ایک سیکنڈ آگے پیچھے نہیں ہوگا، نہ تقدم ہوگا نہ تاخر ہوگا لہٰذا ہر مسلمان کی عقل کا تقاضا ہے کہ استغفار اور توبہ کرکے پاک و صاف رہے۔ جس بیوی کا شوہر کسی وقت بھی آسکتا ہو اس کو چوبیس گھنٹہ صاف ستھرا اور بن سنور کے رہنا پڑے گا کیونکہ اس نے ٹائم فکس نہیں کیا، کسی وقت بھی وہ نزول کرسکتا ہے، کسی وقت دروازہ کھٹکھٹا ہے تو چڑیل کی طرح اگر سامنے آئی تو جوتے پڑیں گے۔ یاد رکھو! اللہ کے نام پر اپیل کرتا ہوں کہ گناہوں کو چھوڑ دو، استغفار کرلو، توبہ کرلو، اپنی روحانیت کسی روحانی بیوٹی پارلر یعنی خانقاہ میں ا سطرح سنوارلو کہ جب بھی موت آئے آپ حسین و جمیل ہوں یعنی شریعت کے لحاظ سے، طریقت کے لحاظ سے، حقیقت کے لحاظ سے حق تعالیٰ کے سامنے نہایت ہی جمال کے ساتھ پیش ہوں کہ حق تعالیٰ ہم کو آپ کو دیکھ کر اپنی آغوشِ رحمت میں قبول کرلیں۔ جس راستہ پر شیطان لے جارہا ہے۔ یاد رکھو! یہ شیطان تمہارے کام نہیں آئے گا، اللہ کے لیے کہتا ہوں۔
درد انگیز دُعا
اے خدا! اختر کی آہ میں اثر ڈال دے۔ جس ظالم کا دل پتھر ہوگیا ہو اور میری آہ اس کے قلب پر اثر انداز نہ ہورہی ہو، گناہ کرتے کرتے وہ سیاہ دل ہوچکا ہو اس کے دل میں بھی میری آہ کو مؤثر کردے۔ تیری قدرت سے باہر نہیں ہے، کتنا ہی سخت دل ہو مگر وہ مخلوق ہے، آپ خالق ہیں، آپ کی قدرت میں خالقیت کی شان ہے۔ آپ میری آہ کے اندر تاثیر پیدا کرنے پر قادر ہیں کہ جو دل مایوس ہو اس مایوس قلب میں بھی آپ اپنی امیدوں کے اور رحمت کے، محبت کی، خوشیوں کے چاند اور آخرت کی کامیابیوں کے چاند طلوع فرمادیں اور مایوس کو امیدوار کردیں۔ آپ کے لیے کچھ مشکل نہیں۔ مشکل کی لغت ہمارے ہاں ہے، مخلوق میں ہے، حق تعالیٰ کے ہاں مشکل کی کوئی لغت نہیں ہے۔

کتاب: اللہ تعالیٰ کے ساتھ اشد محبت کی بنیاد .مواعظِ حسنہ:۴۳

Comments are closed.